لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے نام سے یونین بنی، سب اکٹھے ہوئے ہیں، 30 سال حکومت کرنیوالے حساب دینے کو تیار نہیں، شور مچایا ہوا ہے، طاقتور کو قانون کے تابع لانا ہماری ذمہ داری ہے۔
پنجاب پیری اربن ہاؤسنگ منصوبے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ لاہور میں آہستہ آہستہ کچی آبادیاں بنتی دیکھیں، لاہور میں سوسائٹیز بننا شروع ہوگئیں، غریبوں کا کسی نے نہیں سوچا، آدھا کراچی کچی آبادی پر مشتمل ہے، کراچی کے لوگ بجلی کے کنکشن کیلئے رشوت دیتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کمزور کو اوپر اٹھانے کیلئے ریاست نے ذمہ داری لینی ہے، کم لاگت ہاؤسنگ سکیم لانے میں 2 سال مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، فور کلوژرلا کی وجہ سے بینک قرض نہیں دیتا تھا، بھارت جیسے ملک میں گھروں کیلئے 10 فیصد قرض دیا جاتا ہے، یورپ، امریکا میں 80 فیصد لوگوں کو گھروں کیلئے قرض دیا جاتا ہے، حکومت ہر گھر پر 3 لاکھ روپے سبسڈی دے رہی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کم لاگت ہاؤسنگ سکیم انقلاب کی شروعات ہے، کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دیں گے، ہاؤسنگ سیکٹر سے 30 صنعتیں وابستہ ہیں، ہاؤسنگ انڈسٹری سے بیروزگاری کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں کورونا سے حالت ابتر ہیں، لوگوں کو آکسیجن نہیں مل رہی، لوگ سڑکوں پر مر رہے ہیں، عوام بھارت کے حالات کو دیکھیں، وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے عوام ماسک ضرور پہنیں۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ایک لاکھ سے زائد گھر بنائے جائیں گے، گھر کا رقبہ 3 مرلے سے بڑھا کر ساڑھے 3 مرلے کر دیا، کم لاگت ہاؤسنگ کے تحت گھر کی قیمت 14 لاکھ 30 ہزار روپے ہے، سستے گھروں کا دائرہ کار پنجاب کی ہر تحصیل تک بڑھائیں گے۔