اسلام آباد: (دنیا نیوز) اطلاعات و نشریات کے وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا وعدہ حقیقت میں بدل رہا ہے۔
آج ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ہاؤسنگ کے پروگرام کے تحت بینکوں کو 52 ارب روپے کے قرضوں کیلئے درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 12 ارب روپے تقسیم کئے گئے ہیں۔ نیا پاکستان بنانے کی طرف شروع کئے گئے سفر میں اب تیزی آ رہی ہے۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ وزیراعظم عمران خان آج پنجاب کی 11 تحصیلوں میں 10 ہزار سستے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیادرکھ رہے ہیں۔ پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کا وعدہ عملی صورت اختیار کر رہا ہے۔ بینکوں میں وزیر اعظم ہاؤسنگ سکیم کے تحت 52 ارب روپے کے حصول کی درخواستیں آچکی ہیں اور 12 ارب جاری ہو چکا ہے۔
فواد چودھری نے لکھا کہ جو حضرات تنقید کرتے تھے کہ وہ وعدے جو تحریک انصاف نے کئے تھے، صرف انتخابی وعدے تھے ان کو عیاں ہو چکا ہے کہ نئے پاکستان کی جانب جو سفر شروع کیا گیا، وہ اب روانی اختیار کر رہا ہے، انشاء اللہ اس سفر میں اب مشکلات کم ہوتی جائینگی۔