پہلی بار ایسا ہوا کہ وزیراعظم اشرافیہ کے بجائے مزدوروں کیساتھ ہیں: فواد چودھری

Published On 07 May,2021 11:59 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے سفرا کو بیرون ملک لیبر طبقے سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں سے رابطے کا کہا، اس پر شہباز شریف کہہ رہے ہیں لیبر کی بات نہیں کرنی چاہیے، پہلی بار ایسا ہوا کہ وزیراعظم اشرافیہ کے بجائے مزدوروں کے ساتھ ہیں، اپوزیشن اس پر راضی نہیں انہیں اپنے رویے پر نظرثانی کرنا ہوگی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ زیادتی کی شکار خاتون مدد کیلئے سفارتخانے پہنچی، سفارتخانے میں موجود ایک شخص نے خاتون کو پولیس کے حوالے کرنے کا کہا، خاتون ڈر کر اسی گھر واپس آگئی جہاں اس سے زیادتی ہوتی تھی، کیا ایسے سفارتخانوں کیخلاف کارروائی نہیں ہونی چاہیئے، سفارتخانے کے عملے کیخلاف تحقیقات جاری ہیں، ایسے واقعات پر وزیراعظم نہیں بولیں گے تو کون بولے گا ؟۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ طاقتور طبقے کو احساس دلانا ہوگا کہ کمزور طبقہ ان کی ذمہ داری ہے، وزیراعظم نے تارکین وطن کے حقوق سے متعلق بات کی، تارکین وطن کی ترسیلات کا معیشت میں اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن انتخابی اصلاحات کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے، این اے 249 کراچی میں ہر ووٹ ٹمپرڈ ہوا، این اے 249 دوبارہ گنتی نہیں ری پولنگ کا معاملہ ہے۔
 

Advertisement