پشاور: (دنیا نیوز) ملک بھر کے دیگر شہروں کی طرح پشاور سے بھی عید منانے کیلئے پردیسیوں نے اپنے آبائی علاقوں کا رخ کر لیا، ٹرانسپورٹ میں ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہوسکا، ٹرانسپورٹرز بھی زیادہ کرائے وصول کرنے لگے، مسافروں نے حکومت سے شکوے کردیئے۔
خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے ہفتہ اور اتوار کو پبلک ٹرانسپورٹ جاری رکھنے کی اجازت کے بعد پردیسی اپنے اپنے علاقوں کو روانہ ہونے لگے، پشاور سے اپنے آبائی علاقوں کو جانیوالے مسافر مختلف اڈوں پر پہنچ گئے۔
پشاور کے جنرل بس اسٹینڈ، کوہاٹ اڈے اورچارسدہ اڈے سمیت دیگر اڈوں پر مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے، مسافروں کا کہنا ہے کہ عید الفطر اپنے پیاروں کے ساتھ منانے کے لیے گھروں کو جا رہے ہیں تاہم مختلف اضلاع میں پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔
ٹرانسپورٹرز کے مطابق جہاں سواریاں کم ہیں تو وہیں حکومت کی جانب سے اجازت کے باوجود صوبے کے مختلف اضلاع میں گاڑیوں کو روکنے سمیت واپس کیا جارہا ہے جس سے مشکلات ہیں۔
پشاور کے مختلف بس اڈوں میں مسافروں سے زیادہ کرایہ وصول کرنے کی شکایات بھی سامنے سے آرہی ہیں۔