رش کم رکھنے کے لئے ایک جگہ 2سے 3عید کی نمازیں ادا کی جائیں: این سی او سی

Published On 11 May,2021 04:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) این سی او سی کی طرف سے گائیڈ لائنز جاری کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ عید گاہوں میں فیس ماسک پہننا ضروری ہے، رش کم رکھنے کے لئے ایک جگہ دو سے تین نمازیں ادا کی جائیں، عید کا خطبہ انتہائی مختصر رکھا جائے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) اسد عمر کی صدارت میں اجلاس ہوا، جس میں عید الفطر کے حوالے سے گائیڈ لائنز کا جائزہ لیا گیا۔ جبکہ 8 سے16 مئی تک شہریوں کی نقل وحرکت محدود کرنے کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا ۔ وباء کو کنٹرول کرنے کیلئے ایس او پیز کے اطلاق کے لیے قومی سطح پر کاوشیں تیز کرنے کی ہدایت کی گئیں۔

ایس او پیز کے اطلاق کے لیے قوم سے اکٹھے اور مضبوطی کے ساتھ کھڑے رہنے کی اپیل کی گئی۔ اجلاس میں عید الفطر کے حوالے سے ایس او پیز کی بھی منظوری دے دی گئی

این سی او سی کی طرف سے گائیڈ لائنز میں بتایا گیا ہے کہ عید کی نماز کھلی جگہ پر ہونی چاہیے، عید کی نماز کے وقت کورونا کے تمام پروٹوکولزاپنانے چاہیئں، مساجد کی کھڑکیاں اور دروازے کھلے رکھے جائیں، رش کم رکھنے کے لئے ایک جگہ دو سے تین نمازیں ادا کی جائیں، عید کا خطبہ انتہائی مختصر رکھا جائے، بیمارافراد، بزرگ اور 15 سال سے کم بچوں کو عید گاہ نہ آنے دیں۔

این سی او سی کے گائیڈ لائنز کے مطابق عید گاہوں میں فیس ماسک پہننا ضروری ہے، عید گاہ میں متعدد داخلی اور خارجی دروازے رکھے جائیں، داخلی دروازوں پر تھرمل سکیننگ، سینیٹائزرز کی سہولت موحود ہو، عید گاہ میں 6 فٹ فاصلے پر نشانات لگائے جائیں، نمازی عید کی نماز کے لئے جائے نماز گھر سے لائیں۔

اس سے قبل گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 113 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 19 ہزار 106 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 64 ہزار 557 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 84 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 20 ہزار 851، سندھ میں 2 لاکھ 93 ہزار 426، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 24 ہزار 979، بلوچستان میں 23 ہزار 534، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 401، اسلام آباد میں 78 ہزار 382 جبکہ آزاد کشمیر میں 17 ہزار 984 کیسز رپورٹ ہوئے۔


ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 22 لاکھ 67 ہزار 310 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 38 ہزار 883 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 7 لاکھ 66 ہزار 492 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 859 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 113 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 19 ہزار 106 ہوگئی۔ پنجاب میں 9 ہزار 125، سندھ میں 4 ہزار 753، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 644، اسلام آباد میں 716، بلوچستان میں 253، گلگت بلتستان میں 107 اور آزاد کشمیر میں 508 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔