خیبرپختونخوا میں لاک ڈاؤن کےدنوں میں کورونا وائرس کیسز میں کمی ریکارڈ

Published On 19 May,2021 12:21 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں عید کے ایام میں نافذ لاک ڈاؤن کے ثمرات سامنے آنے لگے، کورونا مریضوں کی تعداد میں کمی ہونے لگی۔ ہسپتالوں میں مریضوں کا بوجھ کم ہونے سمیت آکسیجن کا استعمال بھی کم ہوگیا۔

خیبرپختونخوا میں لاک ڈاؤن کے دنوں میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ پشاور کے تین بڑے ہسپتالوں میں آکسیجن کے استعمال سمیت مریضوں کی تعداد بھی کم ہونے لگی۔

پشاور کے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن کا استعمال 700 لیٹر کم ہو کر 5700 سے 5000 لیٹر ہوگیا ہے۔ لیڈی ریڈنگ میں مریضوں کی تعداد 450 سے کم ہوکر 221 رہ گئی ہے۔

ہسپتالوں میں جہاں آکسیجن کے استعمال میں کمی آئی ہے تو وہیں زیر علاج مریضوں کی تعداد بھی گھٹ گئی ہے۔ ایچ ایم سی میں بھی آکسیجن کا استعمال 6500 سے کم ہو کر 5 ہزار لیٹر ہوگیا ہے۔

خیبر پختونخوا میں کورونا مثبت کیسز کی شرح میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ گزشتہ دنوں صوبہ میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 6 فیصد تک ریکارڈ کی گئی ہے۔
 

Advertisement