شمالی وزیرستان: پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے دہشتگردوں کی فائرنگ، سپاہی شہید

Published On 22 May,2021 10:37 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے دہشتگردوں کی فائرنگ سے 32 سالہ سپاہی شہید ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے دہشتگردوں نے فائرنگ کی۔ دہشتگردوں نے بارڈر پر فوجی پوسٹ کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 32 سالہ سپاہی عمر دراز فائرنگ کے باعث شدید زخمی ہوئے جو بعد ازاں شہادت کے رتبے پر فائز ہو گئے۔ شہید ہونے والے سپاہی کا تعلق جھنگ سے ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کی فائرنگ کا مؤثر جواب دیا گیا۔ پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے۔ پاکستان افغانستان کو مسلسل پاک افغان بارڈر پر مینجمنٹ بہتر کرنے کا کہتا چلا آرہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن،پاک فوج کا کیپٹن اور2 جوان شہید

یاد رہے کہ اس سے قبل 5 مئی کو شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے مقابلے میں کیپٹن سمیت 3 جوان شہید ہوگئے تھے جبکہ 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔

سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے ڈوسالی میں خفیہ اطلاعات پر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیر ستان کے علاقے ڈوسالی میں 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن فہیم، سپاہی شفیع اور سپاہی نسیم شہید ہوئے ہیں۔

5 مئی کو ہی پاک افغان بارڈر پر باڑ تنصیب میں مصروف ایف سی کے اہلکاروں پر سرحد پار سے دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے حوالدار سمیت 4 جوان شہید جب کہ 6زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ژوب: افغان سرحد سے دہشتگردوں کا حملہ، 4 ایف سی اہلکار شہید، 6 زخمی

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ افغانستان میں موجود دہشت گردوں نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے مانزاکئی سیکٹر میں حملہ کیا۔ ایف سی کے جوان سرحد پر باڑ لگانے کے عمل میں مصروف تھے۔ ایف سی نے دہشتگردوں کی فائرنگ کا موثر انداز میں فوری جواب دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے حملے میں ایف سی کے چار جوان شہید جب کہ چھ زخمی ہو گئے، زخمیوں کو فوری طور پر کمبائنڈ ملٹری ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔ شہید ہونے والوں میں حوالدار نور زمان، نائیک سلطان، سپاہی احسان اللہ اور سپاہی شکیل عباس شامل ہیں۔
 

Advertisement