راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان امن عمل کے حوالے سے مخلصانہ حمایت کی ہے، امید ہے کہ مستقبل میں بھی پاک امریکا باہمی تعاون جاری رہےگا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر کی ملاقات ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں افغان امن عمل اور کورونا کے خلاف اقدامات سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران امریکی ناظم الامور نے خطے میں امن اور استحکام کے لئے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون مزید بہتر ہوگا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ امید ہے کہ مستقبل میں بھی پاک امریکا باہمی تعاون جاری رہےگا، پاکستان نے افغانستان امن عمل کے حوالے سے مخلصانہ حمایت کی ہے، خوشحال مستحکم، اور پر امن افغانستان خطے اور بالخصوص پاکستان کے حق میں ہے۔