افغانستان سے فوج کےانخلا کا اعلان،آرمی چیف کاامریکی صدرکے بیان کا خیرمقدم

Published On 15 April,2021 09:59 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی صدر جوزف بائیڈن کی جانب سے افغانستان سے فوجوں کے انخلا کے اعلان کو سراہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان میں تعینات امریکی ناظم الامور انجیلا اگیلر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اہم ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان سے ستمبر 21 تک امریکی افواج کے انخلا سے متعلق صدر جوزف بائیڈن کے اعلان کو سراہا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ خوشحال، مستحکم اور پرامن افغان ہی پاکستان اور خطے کے بہترین مفاد میں ہے۔ امید ہے مستقبل میں پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ ملے گا۔

امریکی ناظم الامور نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا جبکہ افغان امن عمل میں بھی پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کے مشترکہ مقصد کے لیے امریکا بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔

 

Advertisement