پاکستان یوکرائن کیساتھ اپنے تعلقات کو خاص اہمیت دیتا ہے: آرمی چیف

Published On 31 March,2021 07:12 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان یوکرائن کے ساتھ اپنے تعلقات کو خاص اہمیت دیتا ہے، تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان میں یوکرائن کے سفیر مارکین چوچوک نے راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ اور دفاعی تعاون میں اضافے کے امور زیربحث آئے۔

دونوں جانب سے دفاعی تعاون کے سلسلے میں ، منظم فورمز اور باضابطہ تبادلے کے ذریعے دوطرفہ امور کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان یوکرائن کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ یوکرینی سفیر نے خطے میں امن و استحکام لانے کے لئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں ، خصوصا افغان امن عمل کی تعریف کی۔