آرمی چیف کا فوجی فاؤنڈیشن ہیڈکوارٹرز کا دورہ، 100 بستروں کے ہسپتال کا افتتاح کیا

Published On 15 April,2021 09:25 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی فاؤنڈیشن ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جس کے دوران 100 بستروں پر مشتمل ہسپتال کا افتتاح کیا۔ آرمی چیف نے آئندہ منصوبوں کی تکمیل کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے فوجی فاؤنڈیشن ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر مینجنگ ڈائریکٹر وقار احمد ملک نے استقبال کیا۔ پاک فوج کے سربراہ کو فوجی فاونڈیشن کے آئندہ منصوبوں اور مختلف شعبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورے کے دوران فائونڈیشن یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ اسکول آف نرسنگ کا بھی افتتاح کیا اور معیاری خدمات کے لیے ادارے کے عزم اور کارکردگی کو سراہا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ فوجی فاؤنڈیشن 1954 سے مسلسل قومی خدمت میں مصروف ہے۔ ادارے نے ٹیکس، ڈیوٹیز، لیویز کی مد میں 175 ارب روپے ادا کیے۔ فوجی فاؤنڈیشن کا وفاقی و صوبائی حکومتوں کو ادا کردہ ٹیکس وفاقی بجٹ کا 2.45 فیصد ہے ۔گزشتہ 10 برسوں میں فوجی فاؤنڈیشن نے 1350ارب روپے ٹیکسز، ڈیوٹیز ادا کیں۔ ریٹائرڈ فوجیوں کی فلاح و بہبود کیلئے قائم ادارے سے لاکھوں سویلین افراد بھی مستفید ہو رہے ہیں۔
 

Advertisement