آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا یوکرین کا سرکاری دورہ، حکام سے ملاقاتیں

Published On 20 May,2021 07:33 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوکرین کا سرکاری دورہ کیا اور یوکرینی حکام سے ملاقاتیں کیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوکرین کا سرکاری دورہ کیا۔ دورے کے دوران مختلف مشقی علاقوں کا دورہ کیا۔ اور مختلف اسلحہ و آلات کے استعمال کا مظاہرہ بھی دیکھا۔ جنرل باجوہ نے مظاہرے میں خصوصی دلچسپی لی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے تربیت میں مصروف جوانوں کی مہارت اور صلاحیت کی تعریف کی،

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے یوکرین کے وزیراعظم، نائب وزیراعظم ، وزیر دفاع، چیف آف جنرل سٹاف، مسلح افواج کے کمانڈر، وزیر داخلہ اور سٹرٹیجک انڈسٹریز کے وزیر نے بھی ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یوکرین کی قیادت نے خطے میں تنازعات سے بچنے کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا، یوکرین کی قیادت نے افغان امن عمل میں بھی پاکستانی کردارکی تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں مختلف شعبہ جات میں باہمی، دفاعی تعاون بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے امور،علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں افغان امن عمل میں حالیہ پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان یوکرین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، یوکرین سے باہمی دفاعی تعاون کا فروغ چاہتے ہیں، یہ تعاون ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ منصوبے کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں دفاعی تعاون ہمیشہ اہمیت کا حامل رہا۔