اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی فلسطین امن سفارتی مشن کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد نیویارک سے اسلام آباد پہنچ گئے۔
اسلام آباد ائیرپورٹ پر وزیر خارجہ کا فقید المثال استقبال کیا گیا۔ اسلام آباد ایئر پورٹ پر سینکڑوں پاکستانیوں نے "تالیوں کی گونج" میں وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔
ائیرپورٹ پر موجود سینکڑوں افراد نے وزیر خارجہ کی سفارتی کامیابی کو سراہتے ہوئے زبردست نعرے بازی کی اور پھول نچھاور کیے گئے۔
ائرپورٹ پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا استقبال کرنے والوں میں ممبران پارلیمنٹ، تحریک انصاف پاکستان کے عہدیداران و کارکنان اور عوام الناس کی بڑی تعداد شامل تھی۔
اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی قیام امن اور اتحاد بین المسلمین کیلئے"سفارتی کاوشوں کو سراہا گیا اور فلسطین امن سفارتی مشن کی کامیابی پر مبارکباد دی۔
میڈیا نمائندگان کی کثیر تعداد ائیرپورٹ پر موجود تھی جو ان مناظر کو کیمرہ کی آنکھ سے محفوظ کر رہے تھے۔
وزیر خارجہ نے ائیرپورٹ سے باہر موجود میڈیا نمائندگان سے گفتگو کی اور انہیں اس امن سفارتی مشن اور دورہ ء نیویارک کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ نے اس کامیابی کو اللہ کے فضل و کرم، وزیراعظم عمران خان کی بے لوث قیادت اور پاکستانیوں کی دلی دعاؤں کا ثمر قرار دیتے ہوئے اس پذیرائی پر سب کا شکریہ ادا کیا۔