اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ وسیع البنیاد، سٹرٹیجک شراکت داری کے فروغ کے خواہاں ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ ہیڈکوارٹر نیویارک میں اقوامِ متحدہ سلامتی کونسل کے صدر ایمبیسڈر ژانگ جُن سے غیر رسمی ملاقات کی۔ فلسطین امن سفارتی مشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے مسئلے پر ہماری اور چین کی سوچ میں مماثلت ہے، چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے بھی فلسطین کے معاملے پر ہمارے موقف سے اتفاق کیا او آئی سی وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی کھل کر آواز اٹھائی اور عالمی برادری کی توجہ اس المناک صورت حال کی جانب مبذول کروائی۔
شاہ محمود نے کہا کہ "سیز فائر" کا اعلان، ہماری سفارتی کاوشوں کی کامیابی کی جانب پہلا قدم ہے۔ پاکستان، مظلوم فلسطینیوں کی حق خود ارادیت کی اس جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔
دوسری طرف وفاقی وزیر خارجہ نے امریکی ایوان نمائندگان کی ایشیا کمیٹی کی قیادت سے نیویارک میں بذریعہ ویڈیو لنک ملاقات کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ میں مصروفیات کے دوران ہوا ایشیائی،پسیفک اور عدم پھیلاوسے متعلق ذیلی کمیٹی کے سربراہ کانگریس مین ایمی بیرا اور اعلی رکن سٹیون شابٹ کے ساتھ رابطہ کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا کے ساتھ وسیع البنیاد، سٹرٹیجک شراکت داری کے فروغ کے خواہاں ہیں، یہ شراکت داری دونوں ممالک کے دوطرفہ اور علاقائی پہلووں سے مشترکہ مفادات کے فروغ کا باعث ہوگی۔
وزیر خارجہ نے علاقائی روابط کے فروغ کے لئے دوطرفہ تجارت اور معاشی تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زوردیا، افغانستان کے پرامن، سیاسی تصفیہ کے لئے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن، تمام افغان فریقین اور کلیدی عالمی سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
اراکین کانگریس ایمی بیرا اور سٹیون شابٹ نے حالات سے آگاہی دینے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
کانگریس اراکین نے علاقائی امن اور سلامتی کے لئے پاکستان کی گراں قدر کاوشوں کوسراہا ۔اراکین کانگریس نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کے قیام میں پاکستانی امریکی کمیونٹی کے کردار کو بھی سراہا۔