غزہ کی تشویشناک صورتحال، شاہ محمود قریشی سفارتی مشن پر ترکی پہنچ گئے

Published On 18 May,2021 09:20 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی فلسطین کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانے کے سفارتی مشن پر ترکی پہنچ گئے، سوڈان، فلسطین اور ترک وزرائے خارجہ کے ہمراہ نیویارک جائیں گے۔

انقرہ ہوائی اڈے پر انقرہ کے ڈپٹی گورنر اسماعیل کوریجی، ترکی میں پاکستان کے سفیر سائیرس قاضی اور سفارتخانے کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، سوڈان، فلسطین اور ترک وزرائے خارجہ کے ہمراہ ترکی سے نیویارک جائیں گے، جہاں پر مختلف اہم شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں مظلوم فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں گے، وزیر خارجہ، مقامی و بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سے گفتگو کریں گے اور فلسطین کی صورتحال پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔
 

Advertisement