اسلام آباد: (دنیا نیوز) شفقت محمود کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، وفاقی وزیر تعلیم نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، معمولی علامات کیساتھ طبعیت بہتر محسوس کر رہا ہوں، انشااللہ جلد صحتیاب ہو جاؤں گا۔
I have tested positive for coronavirus. I feel fine with mild symptoms. InshAllah will get well soon.
— Shafqat Mahmood (@Shafqat_Mahmood) May 25, 2021
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 92 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 20 ہزار 400 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 5 ہزار 852 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 253 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 35 ہزار 577، سندھ میں 3 لاکھ 10 ہزار 557، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 30 ہزار 187، بلوچستان میں 24 ہزار 638، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 512، اسلام آباد میں 80 ہزار 529 جبکہ آزاد کشمیر میں 18 ہزار 852 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 28 لاکھ 84 ہزار 544 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار 726 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 8 لاکھ 23 ہزار 157 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 723 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 92 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 20 ہزار 400 ہوگئی۔ پنجاب میں 9 ہزار 839، سندھ میں 4 ہزار 936، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 970، اسلام آباد میں 746، بلوچستان میں 270، گلگت بلتستان میں 107 اور آزاد کشمیر میں 532 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔