لاہور میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی، متعدد میرج ہال سیل، مقدمات درج

Published On 24 May,2021 11:04 am

لاہور: (دنیا نیوز) کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے پر 4 میرج ہالز کو سربمہر کر دیا گیا۔ دو شادی ہالوں کے منیجرز کو گرفتار کر کے مقدمات بھی درج کر لئے گئے۔

ضلعی انتظامیہ کی کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کے لئے کارروائیاں جاری ہیں۔ انفینٹری روڈ پر الکرم میرج ہال کو شادی کی تقریب منعقد کرنے پر سیل کر کے منیجر کو حراست میں لے لیا گیا۔

طلحہ میرج ہال ناظم آباد کو بھی کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سربمہر کر دیا جبکہ منیجر کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ایس آر موٹرز پرائیویٹ کو شادی کی تقریب منعقد کرنے پر سیل کیا گیا۔ ایئر پورٹ روڈ پر مغل فارم ہاؤس کو بھی سربمہر کر دیا گیا۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 57 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 20 ہزار 308 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 3 ہزار 599 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 60 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 34 ہزار 760، سندھ میں 3 لاکھ 9 ہزار 647، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 29 ہزار 883، بلوچستان میں 24 ہزار 583، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 500، اسلام آباد میں 80 ہزار 418 جبکہ آزاد کشمیر میں 18 ہزار 808 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 28 لاکھ 37 ہزار 818 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 58 ہزار 670 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 8 لاکھ 20 ہزار 374 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 763 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 57 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 20 ہزار 308 ہوگئی۔ پنجاب میں 9 ہزار 784، سندھ میں 4 ہزار 920، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 950، اسلام آباد میں 745، بلوچستان میں 270، گلگت بلتستان میں 107 اور آزاد کشمیر میں 532 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement