کراچی: (دنیا نیوز) کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر کراچی کے ضلع وسطی کے 4 ٹاونز میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاون نافذ کر کے نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا، متاثرہ علاقوں میں 6 جون تک سمارٹ لاک ڈاون کا نفاذ رہے گا۔
متاثرہ علاقوں میں آنے اور جانے والے تمام افراد کو ماسک پہننا لازمی قرار، لوگوں کی غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی ہوگی، علاقے میں تمام کاروباری سرگرمیاں مکمل کورونا ایس او پیز کے مطابق ہونگی، متاثرہ علاقوں میں فیملی اجتماع پر پابندی ہوگی، کورونا مثبت افراد اپنے گھروں میں قرنطینہ رہیں گے۔ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 57 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 20 ہزار 308 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 3 ہزار 599 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 60 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 34 ہزار 760، سندھ میں 3 لاکھ 9 ہزار 647، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 29 ہزار 883، بلوچستان میں 24 ہزار 583، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 500، اسلام آباد میں 80 ہزار 418 جبکہ آزاد کشمیر میں 18 ہزار 808 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 28 لاکھ 37 ہزار 818 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 58 ہزار 670 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 8 لاکھ 20 ہزار 374 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 763 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 57 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 20 ہزار 308 ہوگئی۔ پنجاب میں 9 ہزار 784، سندھ میں 4 ہزار 920، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 950، اسلام آباد میں 745، بلوچستان میں 270، گلگت بلتستان میں 107 اور آزاد کشمیر میں 532 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔