لاہور: (دنیا نیوز) انڈین سفارتی عملے کے ارکان اور ان کے اہلخانہ کی واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان آمد ہوئی ہے۔ ان میں سے ایک اہلکار کی اہلیہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔
انڈیا میں کورونا کی صورتحال کے پیش نظر انڈین سفارتخانے کے عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی گائیڈ لائنز پر مکمل عملدرآمد کریں۔
اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن کے 12 اہلکار اہلخانہ سمیت 22 مئی کو واہگہ کے راستے پاکستان پہنچے تھے۔ اس موقع پر کورونا سے متعلق ہیلتھ سیفٹی پروٹوکولز کا خیال رکھا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے کہا ہے کہ بھارت سے روانگی پر تمام مسافروں کے کورونا ٹیسٹ منفی تھے، تاہم پاکستان پہنچنے پر ایک بھارتی اہلکار کی اہلیہ کا کورونا ٹیسٹ آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ این سی او سی نے متعلقہ کیس کا بغور جائزہ لیتے ہوئے تمام انڈین اہلکاروں، ان کے اہلخانہ اور ڈرائیورز کو قرنطینہ ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔