اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ویکسین لگوانا کورونا سے بچاؤ کا ذریعہ ہے، حکومت کی منظور شدہ ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے، ویکسی نیشن سے متعلق من گھڑت خبریں آتی رہتی ہیں، شہری ان پر توجہ نہ دیں۔
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ایف نائن پارک میں ماس ویکسینیشن سنٹر کا دورہ کیا۔ انہوں نے شہریوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
ایف نائن ماس ویکسینیشن کا دورہ کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ عوام کو کورونا سے بچاؤ کیلئے حکومت خصوصی اقدامات کر رہی ہے، اسلام آباد میں ویکسینیشن کیلئے تقریباً 24 سے زائد سنٹرز قائم کئے ہیں، ماس ویکسینیشن سنٹر کے قیام کا مقصد اسلام آباد کے شہریوں کو ویکسین لگانے میں آسانی فراہم کرنا ہے، شہری اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی ویکسینیشن کرائیں۔