حکومت کا کل سے 30 سال سے زائد عمر کے افراد کی واک ان ویکسی نیشن کا فیصلہ

Published On 28 May,2021 11:53 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے کل سے 30 سال سے زائد عمر کے افراد کی واک ان ویکسی نیشن کا فیصلہ کرلیا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و سربراہ این سی او سی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ این سی او سی اجلاس میں فیصلہ کیا کہ کل سے 30 سال سے زائد عمر کے افراد واک ان ویکسی نیشن کرا سکیں گے، اگر آپ کی عمر 30 سال سے زیادہ ہے تو خود کو رجسٹر کرائیں، کسی بھی ویکسی نیشن سینٹر جا کر ویکسین کرائیں۔

ایک اور ٹویٹ میں اسد عمر نے لکھا کہ پاکستان میں 50 لاکھ سے زائد لوگوں کو ویکسین لگائی جاچکی ہے، جلد رجسٹر ہوں اور ویکسین لگوائیں تاکہ بندشیں مزید کم کر سکیں، آپ اپنی زندگی آزادی کے ساتھ کورونا کے خوف کے بغیر گزار سکیں، پاکستان کی ترقی کا سفر تیز تر ہو۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 67 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 20 ہزار 607 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 13 ہزار 784 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 482 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 37 ہزار 775، سندھ میں 3 لاکھ 14 ہزار 158، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 31 ہزار 411، بلوچستان میں 24 ہزار 908، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 545، اسلام آباد میں 80 ہزار 927 جبکہ آزاد کشمیر میں 19 ہزار 60 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 30 لاکھ 57 ہزار 951 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 51 ہزار 625 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 8 لاکھ 34 ہزار 566 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 132 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 67 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 20 ہزار 607 ہوگئی۔ پنجاب میں 9 ہزار 925، سندھ میں 4 ہزار 988، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 25، اسلام آباد میں 753، بلوچستان میں 273، گلگت بلتستان میں 107 اور آزاد کشمیر میں 536 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement