لاہور: (روزنامہ دنیا ) ملک کے ممتاز عالم دین جامعہ قاسمیہ لاہور کے مہتمم مولانا شاہ محمد علالت کے بعد لاہور کے مقامی ہسپتال میں 95 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
میڈیا رپور ٹ کے مطابق مرحوم نے دینی تعلیم جامعہ اشرفیہ لاہور سے حاصل کی جبکہ قرآن مجید کی تفسیر حافظ الحدیث حضرت مولانا محمد عبداللہ درخواستیؒ اور شیخ التفسیر حضرت مولانا احمد علی لاہوری ؒسے پڑھی، مرحوم حضرت مولانا قاضی مظہر حسینؒ سے بیعت کرنے کے بعدجامعہ قاسمیہ رحمان پورہ اچھرہ لاہور میں بطور مہتمم و خطیب اور دینی کتابوں کے بہترین استاد کی حیثیت سے 50 سال تک اسلام کی اشاعت اوردین کی خدمت میں مصروف عمل رہے ،مرحوم نے بیوہ، سینکڑوں شاگرد اور ہزاروں عقیدت مند سوگوار چھوڑے ۔
نماہ جنازہ وحدت روڈکرکٹ گرائونڈ مسلم ٹائون لاہور میں جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم حضرت مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی نے پڑھائی ،نماز جنازہ میں مولانا قاری ارشد عبید،مولانا میاں محمد اجمل قادری، مولانا محمد امجد خان، مفتی محمد حسن، مولانا احمد علی ثانی، شیخ الحدیث مولانا محب النبی، مولانا صوفی عتیق الرحمن، صوبائی وزیر میاں محمد اسلم اقبال، عفیف صدیقی، مولانا عبدالرؤف فاروقی، ن لیگ کے حافظ محمد نعمان سمیت ہزاروں افراد نے ماسک اور احتیاطی تدابیر کے ساتھ شرکت کی مرحوم کو مقامی قبرستان شیرشاہ اچھرہ لاہور میں سپرد خاک کر دیا گیا۔