خاتون اوّل بشریٰ عمران نے شیخ ابو الحسن شاذلی لائبریری کا افتتاح کر دیا

Published On 29 May,2021 05:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) خاتون اوّل بشریٰ عمران نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں شیخ ابو الحسن شاذلی لائبریری کا افتتاح کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق خاتون اول شیخ ابوالحسن شاذلی ریسرچ سنٹر پہنچیں تو ریسرچ سنٹر میں آڈیٹوریم، لائبریری اور کانفرنس روم کا دورہ کیا، خدمت خلق کے سفر میں فرح خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔

وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ نے لاہور میں شیخ ابوالحسن شاذلی لائبریری کا افتتاح کردیا۔ اس ریسرچ سینٹر میں اسلام ،صوفی ازم ،مذہبی افکار ،رواداری ، سائنس و ٹیکنالوجی اور جدید علوم پر تحقیق کی جائے گی۔

خاتون اول اس سے پہلے بھی مختلف شہروں میں قائم پناہ گاہوں ، لنگر خانوں ، دارالامان اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے انتظامات میں نمایاں بہتری کےلئے کوشاں رہی ہیں۔ خدمت خلق کے اس سفر میں ان کی دست راست فرح خان بھی ہمیشہ ان کے ساتھ رہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ سیاست سے دور اور سماجی سرگرمیوں میں ہمیشہ دل و جاں سے شریک ہیں، خاتون اول غریبوں، مسکینوں اور محتاجوں کے لیے درد دل رکھنےوالی خاتون ہیں، جب بھی موقع ملا انہوں نے معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کا درد بانٹنے کی کوشش کی۔

ستمبر 2018ء میں نجی ٹی وی کو اپنے انٹرویو میں خاتون اول نے اپنے جذبات کا کھل کر اظہار کیا۔

وزیراعظم کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ پہلے عبادت ان کی ترجیح تھی لیکن عمران خان سے ملنے کے بعد یہ بات سیکھی کہ عبادت کےساتھ انسانیت کی خدمت بھی بہت ضروری ہے ۔

خاتون اول نے انسانیت کی خدمت کا صرف زبان سے اظہارنہیں کیا بلکہ عملی طور پر اس مظاہرہ بھی کیا عمران خان کے وزیراعظم بننے کے بعد انہوں نے یکم ستمبر 2018 کو لاہور میں دارالشفقت کا دورہ کیا۔ انہوں نے نہ صرف یتیم بچوں کےلیے کھانے کا اہتمام کیا، بلکہ خود بھی ان کے ساتھ کھایا اس موقع پر ان کی دوست فرح خان بھی ان کے ہمراہ تھیں ۔

23 ستمبر کو خاتون اول نے لاہور میں اولڈ ایج ہوم کا دورہ کیا ، انہوں نے بے آسرا بزرگ افراد سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے ۔ خاتون اول گہوارہ ہوم بھی گئیں اور بے سہارا بچوں کے ساتھ وقت گزارا۔

11 نومبر 2018 کو خاتون اول اسلام آباد کے بحالی مرکز کا دورہ کیا، انہوں نے مرکز میں رہنے والی ذہنی مسائل سے دوچار خواتین اور بچوں سے بات چیت کی، وزیر اعظم کی اہلیہ اسی روز اسلام آباد سے لاہور پہنچیں انہوں نے فاؤنٹین ہاؤس میں خصوصی افراد کی خیریت دریافت کی۔

یکم دسمبر 2018 وزیراعظم کی اہلیہ پھر لاہور آئیں، انہوں نے غریب اور نادار افراد کے لیے زیر تعمیر شیلٹر ہوم کا دورہ کیا۔ 10 مارچ 2019 کو وزیراعظم کی اہلیہ نے لاہور میں گلاب دیوی ہسپتال ، فاؤنٹین ہاؤس اور دارالشفقت کا دورہ کیا۔ فاؤنٹین ہاؤس میں انہوں نے بے سہارا خواتین اور بچوں سے ملاقات کی۔


یکم مارچ 2021 کو خاتون اول نے لاہور میں داتا دربار پناہ گاہ پہنچ گئیں، وزیراعظم کی اہلیہ نے پنا ہ گاہ میں کھانا کھا کر اس کا معیار چیک کیا، پناہ گاہ میں مقیم افراد کے مسائل سنے اور فوری حل کی یقین دہانی کرائی ۔

ماضی میں کئی افراد کو اعلٰی منصب ملے مگر انہوں نے کبھی انسانیت خدمت کو اپنا نصب العین نہیں بنایا وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ نے پہلی بار عوامی خدمت کی روایت ڈالی وہ اپنے اس مشن کو زندگی بھر جاری رکھنا چاہتی ہیں۔
 

Advertisement