نوشہرہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ وہ کپتان ہوں جو نیوٹرل امپائر لے کر آیا تھا ، ہم دھاندلی سے جیتنے والے لوگ نہیں ہیں، قوم سے کہنا چاہتا ہوں کہ بہت اچھا وقت آنے والاہے، مخالفین بھی حیران ہیں کہ 4 فیصد گروتھ کیسے ہوگئی، اللہ کا کرم ہے ہم مشکل وقت سے نکلے ہیں۔
نوشہرمیں رشکئی صنعتی زوں کی افتتاحی تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل انڈسٹریلائزیشن میں ہے، صنعتوں سے ملکی دولت میں اضافہ ہوتا ہے، دنیا میں تیزی سے ترقی کرنے والا ملک چین ہے، چین کی اقتصادی ترقی سے پاکستان بہت کچھ سیکھ سکتا ہے، رشکئی اقتصادی زون کی زمین لیز پر دیں گے، چین کی برآمدات میں اضافہ صنعتیں لگانے سے ہوا، ملکی اناج بیچنے سے معاشی ترقی نہیں ہوتی، ہمیں ایکسپورٹ پر توجہ دینی ہوگی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مغرب کی انڈسٹریلائزیشن پرانے طرز کی ہے، ماضی میں برآمدات پر توجہ نہیں دی گئی، سرمایہ کار وہاں آتا ہے جہاں اسے منافع ملے، دوست ممالک فنڈنگ نہ کرتے تو پاکستان دیوالیہ ہو جاتا، قرضوں کی ادائیگی کیلئے ہمارے پاس پیسہ نہیں تھا، سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے سہولتیں فراہم کر رہے ہیں، صنعتوں سے ملکی دولت میں اضافہ ہوتا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم پر دباؤ ڈالا جا رہا تھا کہ لاک ڈاؤن لگا دو، دباؤ میں آکر لاک ڈاؤن لگا دیتا تو بھارت جیسا حال ہوتا، ہم نے سمارٹ لاک ڈاؤن کے ذریعے اپنے لوگوں کو بچایا، جب روپیہ گرتا ہے تو ساری چیزیں مہنگی ہو جاتی ہیں، حکومت کے پہلے ڈیڑھ سال زندگی کے سب سے مشکل سال تھے۔