پنجاب اور خیبرپختونخوا میں صحت کی مفت سہولیات ملیں گی: وزیراعظم

Published On 26 May,2021 03:51 pm

لیہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ خواہش ہے ہر شہری کو صحت کارڈ کی سہولت میسر ہو، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں صحت کی مفت سہولیات ملیں گی، کمزور طبقے کو اوپر لانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، عوام کی خدمت کی جائے تو اللہ تعالیٰ خوش ہوتا ہے۔

لیہ میں صحت سہولت کارڈ کے اجرا کی تقریب سے وزیراعظم عمران خان کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سرکاری ہسپتالوں میں عام عوام کیلئے کوئی سہولت نہیں تھی، چاہتا تھا پنجاب کے ہر خاندان کے پاس ہیلتھ کارڈ ہو، پاکستان دنیا میں تیزی کے ساتھ ترقی کر رہا تھا، پاکستان نے اسلامی فلاحی ریاست بننا تھا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں سب کیلئے ایک قانون ہے، برطانیہ کے شہریوں کا ہر سرکاری ہسپتال میں مفت علاج ہوتا ہے، برطانیہ میں روزگار ملنے تک حکومت پیسے دیتی تھی۔

 ن لیگ اور پی ٹی آئی کے ادوار میں اینٹی کرپشن، نیب کی کارکردگی میں واضح فرق ہے 

قبل ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ صحت سہولت پروگرام کا پہلا فیز مکمل، ایک اور سنگ میل عبور کر رہے ہیں، لیہ کے عوام کو انصاف صحت سہولت پروگرام پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، لیہ کے عوام کو بھی صحت سہولت کارڈ میسر ہوگا، ہیلتھ کارڈ سے ہر شہری کو فائدہ پہنچے گا، ہر خاندان کو 7 لاکھ سے زائد علاج معالجے کی سہولت میسر ہوگی، لیہ میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔

عثمان بزدار نے یونیورسٹی آف لیہ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام علاقے کی یکساں ترقی اولین ترجیح ہے، لیہ میں 21 ارب کی 910 ترقیاتی سکیمیں زیر تکمیل ہیں، لیہ کو بڑے شہروں کے برابر لانا چاہتے ہیں۔
 

Advertisement