اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، جس میں 7 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں ملکی معاشی و سیاسی صورتحال پر بات ہوگی۔
وفاقی کابینہ کو انتخابی اصلاحات پر بریفنگ دی جائے گی۔ ٹی ایل پی کو کالعدم قرار دیئے جانے کے خلاف نظرثانی درخواست کا جائزہ لیا جائے گا۔ پی ٹی وی سی کے چیئرمین اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
کابینہ اجلاس میں انسداد کورونا کیلئے بوسنیا ہرزیگوینا کی امداد کی منظوری دی جائے گی۔ حیسکو کے سی ای او کی تعیناتی بھی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ اجلاس میں کابنیہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کی توثیق کی جائے گی۔ این ٹی ڈی سی ایل کے ایم ڈی کی عارضی تقرری کی منظوری بھی دی جائے گی۔
ادھر وزیر اعظم نے سیاسی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا۔ کابینہ اجلاس کے بعد سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔ اجلاس میں شیخ رشید، فواد چودھری، پرویز خٹک اور دیگر وزرا شامل ہوں گے۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوگی۔