اسلام آباد: (دنیا نیوز) چین کے سفیر نونگ رونگ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے بارے میں حکومت کے معاہدے کو انتہائی ترجیح دینے اور اسے تیزی سے مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے چین کی قیادت کو سراہا اور صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم Li Keiang کیلئے گرمجوشی پر مبنی جذبات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے ہر آزمائش پر پوری اترنے والی سدا بہار سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری پر زور دیتے ہوئے پاکستان چین تعلقات کو مزید فروغ دینے کے مضبوط عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری، سفارتی تعلقات کے ستربرس مکمل ہونے ویکسین کے بارے تعاون اور اعلیٰ سطح پر دوطرفہ تبادلوں سمیت دوطرفہ تعلقات پر بھی بات چیت کی۔
چین کے سفیر نے صدر شی جن پنگ کی طرف سے وزیراعظم کی اس سال جولائی میں ہونے والے چین کی کمیونسٹ پارٹی امور عالمی سیاسی جماعتوں کے سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔ وزیراعظم نے اس آن لائن اجلاس میں شرکت کی دعوت کو بخوشی قبول کر لیا۔