وزیراعظم کے زیرصدارت آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرزمیں اجلاس،اہم امورپربریفنگ

Published On 24 May,2021 03:00 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں انھیں ملکی سیکیورٹی صورتحال سمیت اہم امور پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان اپنے رفقا کے ہمراہ آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز پہنچے تو لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں انہوں نے ایک اہم اجلاس میں وزیراعظم کو اہم معاملات پر بریفنگ دی۔

اس اہم اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر خزانہ شوکت ترین اور مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں اعلیٰ عسکری حکام اور وزارت خارجہ کے حکام بھی شریک تھے۔ اجلاس میں افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار پر تفصیلی بات چیت کی گئی جبکہ ملکی سلامتی سے متعلق امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔

وزیراعظم کو ملک کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم وفد کے ہمراہ 3 گھنٹے سے زائد تک آئی ایس آئی ہیڈ کوراٹرز میں موجود رہے۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چئیرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی بھی ہمراہ تھے۔

اجلاس میں اعلیٰ قومی اور عسکری قیادت کو علاقائی اور ملکی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز کے خلاف آئی ایس آئی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

 

Advertisement