آذربائیجان کا مسئلہ کشمیرپرپاکستان کےاصولی موقف کی حمایت جاری رکھنےکا عزم

Published On 03 June,2021 04:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آذربائیجان کی ملی مجلس کی سپیکر صاحبہ گیرافیرواا نے اپنے ملک کی کشمیر کے تنازعے پر پاکستان کے اصولی موقف کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

 

اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لئے کشمیر کے تنازعے کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ضروری ہے۔ آذربائیجان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

سپیکر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان مذہب ، اخوت اور تاریخ کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے قریبی برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔پاکستان پارلیمانی اور اقتصادی تعاون کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے خواہشمند ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں اسلامی برادر ممالک میں اقتصادی ،تجارت اورسیاحت کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارت حجم میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ دونوں اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ کووڈ۔ 19 کی موجودگی میں دوسری پائیکو کانفرنس رکن ممالک میں اقتصادی تعاون اور پارلیمانی روابط کو فروغ دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔پائیکو کانفرنس میں پارلیمانی وفد کے ہمراہ شرکت کرنے پر مشکور ہوں۔علاقائی اور عالمی فورمز پر آذربائیجان کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت قابل ستائش ہے۔پاکستان سی پیک منصوبے کو وسطیٰ ایشیائی راستوں تک رسائی دینا چاہتا ہے۔ سی پیک منصوبے کے ذریعے آزربائیجان سمیت وسطیٰ ایشیائی ریاستیں تجارت کو فروغ دینے کے لیے گوادر پورٹ کو استعمال کر سکتی ہیں ، اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان ناگورنو کارہ باخ کے معاملے پر آزربائیجان کے موقف کی حمایت کرتا ہے۔پاکستان کی قومی اسمبلی نے نوکورکارہ باخ کے معاملے پر متفقہ قرراداد منظور کی ہے۔

آذربائیجان کی سپیکر نے سپیکر قومی اسمبلی کو دوسری پائیکو کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان میں آزربائیجان کے پارلیمانی وفد کے پرتپاک استقبال اور میزبانی پر پاکستانی عوام اور پارلیمان کی مشکور ہوں۔ آزربائیجان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں قریبی رابطے دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے اور دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کے لیے ضروری ہے۔دوسری پائیکو کانفرنس میں کیے جانے والے فیصلے ممبر ممالک کی پارلیمانوںمیں تعاون اور رابطوں کو فروغ حاصل ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آذربائیجان مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت کرتا ہے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اُس کا حل چاہتا ہے۔ خطے میں پائیدار امن کے لیے کشمیر اور ناگورنوکارہ باخ جیسے متنازعہ مسائل کا حل ضروری ہے۔آزربائیجان کی اسپیکر نے خطے کی پارلیمانوں میں روابط اور تعاون میں اضافے کے لیے سپیکرقومی اسمبلی کی کاوشوں کو سراہا اور اس کے اعتراف میں میڈل آف آنر دیا۔
 

Advertisement