اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ غربت، مہنگائی اور بیروزگاری جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، ہمارا مقصد روزگار کے مواقعوں کی فراہمی ہے، عارضی نہیں لانگ ٹرم اقتصادی ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لودھراں ملتان شاہراہ کی بحالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لودھراں ملتان شاہراہ کی تعمیر سے سفر کا دورانیہ کم ہوجائے گا، شاہراہ کی اپ گریڈیشن سے بہاولپور، لودھراں، ملتان مستفید ہوں گے، شاہراہ کے ذریعے ملتان سے بہاولپور کا سفر صرف 45 منٹ میں ہوگا، منصوبے سے ملتان کا بہاولپور سے رابطہ آسان ہو جائے گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم نے جنوبی پنجاب کیلئے تاریخی اقدامات اٹھائے، منصوبے سے جنوبی پنجاب کو بے پناہ فائدہ ہوگا، جنوبی پنجاب صوبہ بننے سے سیاسی استحکام ہوگا، جنوبی پنجاب تحریک انصاف کا قلعہ ہے۔