اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغان امن عمل میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا، مگر افغان سیکورٹی ایڈوائزر کے غیر ذمہ دارانہ بیانات افسوسناک ہیں جو انتشار پھیلانے والوں کے مفادات میں مددگار ہیں۔
سرکاری میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میں نے اپنے افغان ہم منصب کو دعوت دی ہے کہ وہ پاکستان کا دورہ کریں اور افغان امن عمل اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں مشاورت کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اقتصادی سفارتکاری پر توجہ دے رہا ہے تاکہ غربت، افراط زر اور بیروز گاری کے مسائل سے نمٹا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اقتصادی استحکام، سرمایہ کاری، تجارت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق جغرافیائی معاشیات ہماری غیر ملکی پالیسی کی اولین ترجیح ہے۔