لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن نے صوبائی بجٹ کا پوسٹ مارٹم کرنے کا فیصلہ کرلیا، اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے اسمبلی فلور پر بجٹ تقریر کے اہم نکات تیار کر لئے۔
ذرائع ن لیگ کے مطابق حمزہ شہباز ترقیاتی بجٹ استعمال نہ ہونے پر حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے، حمزہ شہباز پنجاب کے کسانوں کے مسائل ایوان میں اٹھائیں گے، زراعت پر حکومتی ناکام پالیسیوں پر گفتگو کریں گے جبکہ حمزہ شہباز محکمہ پولیس کی ناکامیوں اورامن و امان کے حوالے سے خصوصی نکات اٹھائیں گے۔ پولیس اصلاحات، بچوں اور عورتوں پر جنسی واقعات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سٹریٹ کرائم ،تھانہ کلچر میں تبدیلی سمیت دیگر معاملات بھی تقریر کا حصہ ہوں گے، اپوزیشن لیڈر صوبائی محاصل کا ٹارگٹ پورا نہ ہونے پر بھی حکومت کو ہدف تنقید بنائیں گے جبکہ حمزہ شہباز روڈ انفراسٹرکچر کی زبوں حالی کو تقریر کا حصہ بنائیں گے۔
اپوزیشن لیڈر کورونا وائرس اور ویکسین کی ناکامی کو بھی منظر عام پر لائیں گے جبکہ حمزہ شہباز کی تقریر 40 منٹ سے زائد وقت پر محیط ہوگی جس کے دوران حمزہ شہباز حکومتی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنائیں گے۔