کراچی: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا بجٹ عوامی نہیں بلکہ سیاسی ہے، پیپلزپارٹی سلیکٹڈ حکومت کے سلیکٹڈ بجٹ کو ماننے سے انکار کرتی ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کی حکومت نے صرف شرح سود میں ردوبدل کر کے قومی خزانے کو ایک ہزار ارب روپے تک کا نقصان پہنچایا ہے، عمران خان نے مخصوص سرمایہ داروں کے دو ارب ڈالر بیرون ملک سے منگوائے اور شرح سود 13.25 فیصد مقرر کر کے اپنے دوستوں کو فائدہ پہنچا کر پیسے واپس کر دئیے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان بتائیں کہ یہ دو ارب ڈالر کن سرمایہ دار دوستوں کے تھے کہ جن کو فائدہ پہنچانے کے لئے قومی خزانے کو 300 ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا، آئی ایم ایف نے شرح سود 12 فیصد تک رکھنے کا کہا تھا اور عمران خان کی حکومت نے اس کو 13.25 فیصد بڑھا کر چند سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچایا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ پاکستان انوسٹمنٹ بونڈز کی شرح سود اچانک تبدیل کر کے عمران خان کی حکومت نے چند مخصوص سرمایہ داروں کو 700 ارب روپے تک کا فائدہ پہنچایا، پاکستان انوسٹمنٹ بونڈ کے 700 ارب روپے اور دو ارب ڈالر پر 300 ارب روپے اور مجموعی طور پر ایک ہزار ارب روپے کی عمران خان کی چوری پکڑی گئی ہے۔