کراچی: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو زرداری نے قومی اقتصادی کونسل کے فیصلوں پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔ انہوں نے بجٹ میں شعبہ صحت و تعلیم کے لئے مزید فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ بھی کر دیا۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بجٹ میں شعبہ صحت کے لئے 30 ارب مختص کرنا عوام کو کورونا وائرس کی وبا کے حوالے کرنے کے مترادف ہے، شعبہ صحت کے لئے بجٹ میں 3.3 فیصد اور شعبہ تعلیم کے لئے بجٹ میں 5.5 فیصد فنڈز مختص کر کے عمران خان نے قوم کے مستقبل کے ساتھ ایک مذاق کیا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بجٹ میں شعبہ صحت و تعلیم کو نظر انداز کر کے اگلے دو سال تک شاید کبھی نہ مکمل ہونے والے منصوبوں کے افتتاح سے عمران خان کی نااہلی نہیں چھپ سکے گی، ترقیاتی بجٹ کو بھی عمران خان نے سیاسی انداز سے تقسیم کر کے ملک میں احساس محرومی کو بڑھا دیا، سلیکٹڈ وزیراعظم نے ایک سلیکٹڈ بجٹ بنایا جسے کسی طور قبول نہیں کریں گے۔