کراچی: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ کھانے کو روٹی اور پہننے کو کپڑا نہیں، عمران خان کہتے ہیں کہ گھبرانا نہیں، حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے گھر گھر معاشی تباہی کی داستانیں رقم ہو رہی ہیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پرویز مشرف کے دور میں 50 فیصد عوام غربت کا شکار تھے، عمران خان نے حالات کو اسی نہج پر پہنچا دیا جہاں سے پیپلزپارٹی نے ملک کو نکالا تھا، گندم دستیاب مگر آٹا مہنگا، گنا موجود مگر چینی کی قیمتیں قابو سے باہر ہیں، یہ مہنگائی عمران خان کی مافیا کی سرپرستی کے نتائج نہیں تو اور کیا ہیں ؟۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو بجٹ میں تنخواہ دار اور پنشنرز سمیت عام آدمی کے ریلیف کی کوئی فکر نہیں، حکومت کا ہدف صرف جی ڈی پی کےغلط ہندسے کو درست ثابت کرنا ہے، عوامی ریلیف کا معاملہ سبوتاژ کرنے کیلئے جی ڈی پی کے غلط اعدادوشمار کا شوشہ چھوڑا گیا، اگر جی ڈی پی میں اضافہ ہوتا ہے تو ملک میں نوجوانوں کو نوکریاں ملتی ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ عمران خان کی فوٹو شاپ جی ڈی پی اضافے نے برسرِ روزگار کو بیروزگار کر دیا، عمران خان حکومت میں ہر پانچواں فرد نوکری سے محروم یا اس کی آمدنی میں کمی ہوئی، کپاس قیمتیں 11 سالہ تاریخ میں بلند ترین سطح پر پہنچا کر ٹیکسٹائل سیکٹر کیلئے نیا بحران پیدا کیا گیا، اگر پاکستان کی ڈوبتی معیشت کو بچانا ہے تو عمران خان کی حکومت سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔