تحریک انصاف نے پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن کے اکائونٹس تک رسائی مانگ لی

Published On 16 June,2021 12:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف نے پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن کے اکائونٹس تک رسائی مانگ لی۔ وزیرمملکت اطلاعات فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن نے درخواست دائر کر دی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ دونوں جماعتوں کی بینک دستاویزات کا جائزہ لینے کی اجازت دی جائے، اکبر ایس بابر کو بھی پی ٹی آئی دستاویزات کا جائزہ لینے کی اجازت دی گئی، اکبر ایس بابر کیس کی طرز پر ریکارڈ کا جائزہ لینا چاہتے ہیں، الیکشن کمیشن فنانشل ماہرین کے ہمراہ ریکارڈ کا جائزہ لینے کی اجازت دے۔

پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں ن لیگ کا رویہ قابل مذمت ہے، اسمبلی کو پہلوان سازی کا اکھاڑا نہ بنائیں، قانون سازی کا فورم رہنے دیں، ماڈل ٹاؤن کا واقعہ بھی قوم نہیں بھولی، مسلم لیگ ن کی تاریخ ہے یہ دلیل ختم ہونے پر گالم گلوچ پر اتر آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال ہونا چاہیے، تحریک انصاف نے ہمیشہ تحمل کا مظاہرہ کیا، ایکٹ آف پارلیمنٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابات کرانے ہیں، ایکٹ آف پارلیمنٹ بنانے کا فورم پارلیمان ہے۔
 

Advertisement