قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی، پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس

Published On 17 June,2021 12:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی پر حکمران جماعت متحرک ہوگئی۔ پرویز خٹک کی زیر صدارت پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔

پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی اور سینیٹرز شریک ہیں، جس میں قومی اسمبلی ہنگامہ آرائی اور بجٹ بحث پر مشاورت کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا حق ہے، ایوان کو قواعد و قانون کے مطابق چلاؤں گا، قومی اسمبلی میں پیش آنے والے واقعات افسوسناک ہیں، ایک دوسرے کو سنا جائے بجٹ پر فیصلہ عوام کرے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ حکومت اپوزیشن دونوں ایوان کے ڈیکورم کا خیال رکھے، 2020 میں 114 گھنٹے حکومت کو ملا 103 گھنٹے اپوزیشن کو ملا، ہاؤس چلانے کے لیے کسی کو اٹھا کر ایوان سے باہر تو نہیں پھینک سکتا، جانبدار نہیں ہوں، سب کو برابر کا موقع دیتا ہوں، جن سات اراکین کو معطل کیا، ویڈیوز دیکھ کر فیصلہ کیا، کسی کے ساتھ ذاتی دشمنی نہیں، ایوان کے تقدس کے لیے اقدام اٹھایا۔
 

Advertisement