لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ آج پاکستان سفارتی محاذ پر کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے، وزیر اعظم عمران خان کشمیر اور فلسطینیوں کے سفیر بنا کر ان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔
گورنر پنجاب چودھری سرور سے مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے گورنر ہاوس میں ملاقات کی۔ چودھری سرور کے دورہ امر یکہ، مسئلہ کشمیر و فلسطین سمیت دیگر ایشوز پر گفتگو کی گئی۔ گورنر پنجاب اور معید یوسف نے امن کیلئے مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا حل لازم قرار دے دیا۔
اس موقع پر گورنر پنجاب چودھری سرور کا کہنا تھا کہ پاکستان امن اور بھارت دہشت گردی و انتہاپسندی کیساتھ ہے، دہشتگردی کے خاتمے اور امن کیلئے پاکستان کی قربانیں دنیا میں مثال ہیں۔
مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا کہ پاکستان کشمیری اور فلسطینی بہن بھائیوں کیساتھ متحد کھڑا ہے، افغانستان امن مذاکرات کیلئے بھی پاکستان نے بہت محنت کی ہے اور پاکستان وہاں مکمل امن کا خواہاں ہے، پاکستان افغانستان کا بھائی ہے، ہم وہاں مکمل امن چاہتے ہیں۔