کورونا ویکسین کی قلت، پی آئی اے کا طیارہ 15 لاکھ خوراکیں لیکر اسلام آباد پہنچ گیا

Published On 20 June,2021 01:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا ویکسین کی قلت دور کرنے کیلئے 15 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئیں، پی آئی اے کا خصوصی طیارہ چین سے ویکسین لیکر اسلام آباد پہنچا۔

این سی او سی کے مطابق سائنو ویک ویکسین صوبوں کو فراہم کی جائے گی، اگلے ہفتے مزید 20 سے 30 لاکھ خوراکوں کی کھیپ پہنچے گی۔ چین نے پاکستان کو ویکسین کی مسلسل سپلائی یقینی بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کیے ہیں، ویکسین کو وفاقی اکائیوں تک پہنچانے کے تمام اقدامات کیے گئے ہیں۔

قبل ازیں کورونا ویکسین کی قلت سے شہری پریشان دکھائی دیئے، سندھ بھر میں آج ویکسی نیشن سینٹرز بند ہیں، پنجاب میں ہفتہ وار چھٹی ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے اپنے ٹویٹر پیغام میں قوم کو پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا کہ 15 لاکھ خوراکیں آج پاکستان پہنچ جائے گی۔ وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے روزانہ 3 لاکھ 32 ہزار افراد کو ویکسین لگائی گئی، آئندہ ہفتے مزید ریکارڈ بنائیں گے۔
 

Advertisement