لاہور میں تیز آندھی سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثر، لیسکو کے 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے

Published On 20 June,2021 10:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شہر میں تیز آندھی کے باعث فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر فنی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہیں جس سے شہریوں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس وقت شہر میں 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں جس سے درجہ حرارت کم از کم 25 ڈگری تک جانے جبکہ لاہور اور گردونواح میں رات کے وقت ہلکی بارش کا امکان ہے۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہوا۔ ان علاقوں میں گلشن علی، علی پارک، بھٹہ چوک، آر اے بازار، والٹن روڈ، نشیمن اقبال، گڑھی شاہو، قلعہ گجر سنگھ، شاد باغ، بادامی باغ، شاہدرہ، کریم پارک، بیگم کوٹ، کوٹ محمد، بلال گنج، شیرانوالہ، بھاٹی گیٹ، شاہ عالم، گرین ٹاؤن، ٹاؤن شپ، شادی پورہ، شالامار اور مزنگ سمیت دیگر شامل ہیں۔

آندھی کے باعث ٹھوکر نیاز بیگ میں چھت گرنے سے پانچ افراد زخمی ہوگئے جنھیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ان میں سے ایک معمولی زخمی کو ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق چھت گرنے سے زخمی ہونے والوں میں 35 سالہ ثمینہ، 14 سالہ آکاش، 30 سالہ طارق اور 48 سالہ خالد شامل ہیں۔
 

Advertisement