اسلام آباد: (دنیا نیوز) سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اسد عمر نے پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر سے خبردار کر دیا ہے۔
اپنے ٹویٹ میں انہوں نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کہا این سی او سی میں کورونا کا آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی بنیاد پر جائزہ لیا گیا جس سے پتا چلا کہ پاکستان میں جولائی میں کورونا کی چوتھی لہر آ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے سے کورونا بڑھے گا، مضبوط ویکسی نیشن پروگرام جاری نہ رہنے کی صورت میں کورونا کی چوتھی لہر کا خطرہ ہے۔
سربراہ این سی او سی کا کہنا تھا کہ شہری کورونا ایس او پیز پر عمل کریں اور جتنا جلد ممکن ہو ویکسی نیشن کروائیں۔
Reviewed the artificial intelligence based disease modeling analysis today in NCOC . In the absence of strong SOP enforcement and continued strong vaccination program, the 4th wave could emerge in Pakistan in July. Please adhere to sop s and vaccinate as soon as possible.
— Asad Umar (@Asad_Umar) June 25, 2021
خیال رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث سندھ کے بعد پنجاب میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔
ملک بھر میں گزشتہ گزشتہ روز کورونا وائرس سے 44 اموات ہوئیں جن میں سے 25 اموات وینٹیلیٹرز پر موجود مریضوں کی تھیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری اعدادو شمار کے مطابق ملک بھر میں 1 ہزار 52 افراد کے کووڈ۔ 19 ٹیسٹ مثبت آئے۔ ملک کے 4 بڑے شہروں میں وینٹیلیٹرز پر کووڈ۔ 19 کے مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے ملتان میں 28 فیصد، لاہور میں 20 فیصد، بہاولپور میں 22 فیصد اور اسلام آباد میں 21 فیصد مریض ہیں۔
اسی طرح سے ملک کے چار بڑے شہروں میں آکسیجن کی سہولیات والے بستروں پر کورونا کے مثبت کیسز کے تناسب کے لحاظ سے کراچی میں 23 فیصد، مظفر آباد میں 19 فیصد، راولپنڈی میں 17 فیصد اور گلگت میں 45 فیصد مریض ہیں۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کووڈ۔19 کے 45 ہزار 924 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے سندھ میں 13 ہزار 223، پنجاب میں 17 ہزار 278، خیبرپختونخوا میں 10 ہزار 412،اسلام آباد میں 3 ہزار 118، بلوچستان میں 839،گلگت بلتستان میں 473، آزاد کشمیر میں 581 ٹیسٹ شامل ہیں۔
اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 8 لاکھ 97 ہزار 834 ہو چکی ہے۔ بلوچستان اور گلگت بلتستان میں کووڈ۔19 کا کوئی بھی مریض اس وقت وینٹیلیٹر پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے لیے مختص وینٹیلیٹرز پر 267 مریض ہیں۔
ملک بھر میں کووڈ۔19 کے ایکٹو کیسز کی تعداد 32 ہزار 921 ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 9 لاکھ 52 ہزار 907 ہے جن میں سے آزاد کشمیر میں 20 ہزار 121, بلوچستان میں 26 ہزار 893، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 908, اسلام آباد میں 82 ہزار 502، خیبر پختونخوا میں 1 لاکھ 37 ہزار 484، پنجاب میں 3 لاکھ 45 ہزار 546 اور سندھ میں 3 لاکھ 34 ہزار 453 مریض ہیں۔
کووڈ۔19 سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 22 ہزار 152 ہے جن میں سے سندھ میں 5 ہزار 392 اموات جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 22 مریض ہسپتالوں میں جبکہ 2 مریض گھروں میں قرنطینہ کے دوران اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔ پنجاب میں 10 ہزار 700 اموات جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 مریض ہسپتالوں میں جبکہ 1 مریض گھر میں قرنطینہ کے دوران اس وائرس سے جاں بحق ہوا۔
خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 294 جبکہ اسی کے دوران 5 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے،اسلام آباد میں کل 775 اموات،بلوچستان میں کل 304 اموات جبکہ اسی کے دوران ایک مریض ہسپتال میں اس وائرس سے جاں بحق ہوا، گلگت بلتستان میں 111 اموات، آزاد کشمیر میں اس وائرس سے 576 اموات جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 کے 1 کروڑ 43 لاکھ 25 ہزار 8 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ملک بھر میں کووڈ۔19 کے علاج کیلئے مختص 639 ہسپتالوں میں 2 ہزار 262 مریض زیر علاج ہیں۔