لاہور: (دنیا نیوز) لاہور جوہر ٹاؤن دھماکے میں ملوث دہشت گرد سی ٹی ڈی کے شکنجے میں آگئے۔ مرکزی ملزم عید گل کو راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا جبکہ عید گل کے دو بھائیوں کو جھنگ سے حراست میں لیا گیا، پہلے سے گرفتار ملزم پال ڈیوڈ نے دہشت گرد عید گل کی شناخت کرلی۔
گرفتار دہشت گرد کی شناخت عید گل کے نام سے ہوئی۔ دہشت گرد نے بارود سے بھری گاڑی جوہر ٹاؤن میں پارک کی تھی۔ دھماکے میں ملوث پہلے سے گرفتار ملزم پال ڈیوڈ نے بھی دہشت گرد کی شناخت کرلی۔ پال ڈیوڈ نے کار سات روز قبل گوجرانوالہ سے خریدی تھی۔ ملزم عید گل کو مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری طرف دھماکے کی تحقیقات میں اہم انکشافات ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم عید گل اور اس کے 2 بھائی فورتھ شیڈول میں شامل ہیں، اس کے باوجود عید گل گزشتہ برسوں میں متعدد مرتبہ بیرون ملک بھی گیا جو پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
عید گل وزیرستان سے جھنگ کے علاقہ کڑیانوالہ میں خاندان کے ساتھ رہائش پذیر تھا مگر کچھ عرصہ قبل جھنگ سے غائب ہوگیا۔ عید گل کے بھائیوں اورنگزیب اور بابر خان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ عید گل اور پیٹرپال کا چند سال قبل رابطہ ہوا، پیسوں کے لالچ میں دھماکا کیا۔
دھماکے میں 3 افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہو ئے تھے۔ سی ٹی ڈی 4 ملزمان کو پہلے گرفتار کر چکی ہے۔