ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا دورہ ترکی، لیجن آف میرٹ سے نوازا گیا

Published On 29 June,2021 06:38 pm

انقرہ: (دنیا نیوز) پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی ترکی کی سینئر فوجی قیادت سے ملاقات، دونوں ممالک کی فضائی کے درمیان تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ، لیجن آف میرٹ بھی دیا گیا۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ترکی کے 4 روزہ سرکاری دورے کے دوران منگل کو ترکی کی سینئر فوجی قیادت سے ملاقات کی۔

ائیر چیف نے ترکی کے وزیر قومی دفاع ہولوسی ایکار اور ترکی کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل یاسر گلر سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔ ملاقاتوں کے دوران پاک ترک دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور دونوں فضائی افواج کے مابین باہمی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے طرفین کی حربی استعداد بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق بعد ازاں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کمانڈر ترک ایئر فورس جنرل حسن کوکاکیز سے بھی ملاقات کی۔ معزز سربراہان نے دونوں ممالک کی فضائی افواج کو عصرحاضر کے در پیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے ایک دوسرے کی مہارتوں سے استفادہ کرنے اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں پی اے ایف اور ترک فضائیہ کے درمیان ہوابازوں کی تربیت اور تبادلے پر بھی گفتگو ہوئی۔

سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو دونوں فضائی افواج کے مابین باہمی تعاون اور تعلقات کے فروغ کی شاندار خدمات کے اعتراف میں ترک آرمڈ فورسز کے لیجن آف میرٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ کمانڈر ترک فضائیہ جنرل حسن کوکاکیز نے تمغہ پیش کیا۔

 

Advertisement