لاہور: (دنیا نیوز) صرف دو روز بعد لاہور میں ایک اور سلنڈر دھماکا ہو گیا۔ برکت مارکیٹ میں ری فلنگ کی غیر قانونی دکان میں سلنڈر پھٹ گیا۔ دھماکے سے لگنے والی آگ نے دیگر چار دکانوں کو بھی اپنے لپیٹ میں لے لیا، 10 گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔
تفصیل کے مطابق لاہور میں گیس ری فلنگ کی غیر قانونی دکانیں خطرے کا نشان بن چکی ہیں۔ لاہور کے علاقے گارڈن ٹاؤن کی مصروف ترین برکت مارکیٹ میں سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا جس سے پورا علاقہ لرز اٹھا۔
مارکیٹ میں کاروبار کرنے والوں کے ساتھ رہائشی بھی خوفزدہ ہو گئے۔ سلنڈر دھماکے سے آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے اردگرد کی دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس حادثے میں ایک شخص جھلس کر زخمی ہو گیا جبکہ دکانوں کے سامنے کھڑی 10 گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔
کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان موقع پر پہنچے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا۔ ادھر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کمشنر لاہور اور سی سی پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔