لاہور: (دنیا نیوز) سورج نے آگ برسانا شروع کی تو بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا، معمولات زندگی بری طرح متاثر، لیسکو کو 800 میگاواٹ سے زیادہ شارٹ فال کا سامنا، عوام لوڈشیڈنگ سے عاجز آ گئے۔
تفصیل کے مطابق گرمی بڑھتے ہی لوڈشیڈنگ کا جن بوتل سے باہر نکل آیا ہے، لاہورشہر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بھی شروع کر دی گئی ہے جس سے روزمرہ کے امور اور کاروبار معطل ہوکر رہ گئے ہیں۔
لیسکو کا شارٹ فال 800میگاواٹ سے بھی بڑھ گیا ہے۔ دن ہو یا رات، کسی بھی وقت لوڈشیڈنگ شروع ہو جاتی ہے۔ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے، معمولات زندگی کے ساتھ ساتھ کاروبار بھی مشکل میں پڑ گئے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ مسلسل ہو رہی ہے، بجلی آتی ہی نہیں، حالات خراب ہو رہے ہیں۔ لیسکو کی طلب 5000 میگاواٹ سے بڑھ گئی جبکہ نیشنل گرڈ سٹیشن کی جانب سے 4200 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔