لاہور: (دنیا نیوز) گرمی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے بجلی کی مانگ بھی بڑھ گئی۔ لیسکو ریجن میں بجلی کی طلب 4 ہزار 600 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری، دیہی علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہنے لگی۔
این پی سی سی کی جانب سے لیسکو کو 4 ہزار 150 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ لیسکو کو 450 میگاواٹ کے شارٹ فال کا سامنا ہے۔ سسٹم پر لوڈ بڑھنے سے فنی خرابیوں اور ٹرانسفارمر خراب ہونے کی شکایات بھی بڑھ گئی ہیں۔
لیسکو کے ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر اوور لوڈ ہونے کے باعث مسائل کا سامناہے۔ صورتحال کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔
تکنیکی خرابیوں کے باعث شہری گھنٹوں بجلی سے محروم رہنے لگے ہیں۔ طلب اور رسد کا فرق بڑھنے سے دیہی علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
لیسکو کی جانب سے ہائی لاسز فیڈرز پر شیڈول کے مطابق 5 سے 6 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ بجلی کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔