راولپنڈی: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان آزاد کشمیر میں حکومت بنانے جا رہے ہیں، وزیراعظم میرپور، راولاکوٹ سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کریں گے، امید ہے آزاد کشمیر میں بہت سے مخالف امیدوار کاغذات واپس لے لیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ملکی سالمیت کی سیاست ہونے جا رہی ہے، اپوزیشن اور حکومت مل کر نئی راہ پر چلنے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے کہہ رہا تھا ن سے ش نکلے گی، شہباز شریف اور مریم نواز بہت دور جاچکے ہیں، ایک شمال دوسرا جنوب ہے، شہباز شریف اور مریم نواز کی سیاست مختلف ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دعا ہے افغانستان میں خانہ جنگی کی صورتحال پیدا نہ ہو، افغانستان میں امن کا مطلب ہے پاکستان میں بھی امن، پاکستان نے افغانستان میں امن کیلئے کردار ادا کیا، وزیراعظم نے کہا ہم امن کیلئے امریکا کے ساتھ ہیں، دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ ایک کروڑ تک ہوسکتے ہیں، مستقبل میں ملکی سالمیت کی سیاست ہونے جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ گزشتہ 20 سال سے دہشتگردوں کا مقابلہ کر رہے ہیں، افغانستان اور ایران کی سرحد کیساتھ باڑ کا کام جلد مکمل ہو جائے گا، مقبوضہ کشمیر میں ڈرون حملے میں پاکستان کا کوئی عمل دخل نہیں، بھارت اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان پر الزام تراشی کر رہا ہے۔