اسلام آباد: انسداد کورونا کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک میں عالمی وبا کے کیسز کی شرح میں ایک بار پھر اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
تفصیل کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کے زیر صدارت اجلاس میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ صوبائی چیف سیکرٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
این سی او سی نے مختلف سیکٹرز میں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر نوٹس لیتے ہوئے اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے علاوہ عید الاضحیٰ کے حوالے سے گائیڈ لائنز بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ افغانستان میں کورونا کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر مغربی سرحد کو 18 جون سے بند کیا گیا تھا۔ بندش کے دوران دونوں اطراف پھنسے ہوئے پاکستانی اور افغانی شہریوں کو رعایت دی گئی ہے۔
ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں مثبت کورونا کیسز کی بلند ترین 27.03 فیصد شرح گلگت جبکہ صفر شرح جہلم اور صوابی میں ریکارڈ کی گئی ہے۔ چاروں صوبوں کے 22 اضلاع کورونا کے حوالے سے اہم ہیں۔
مظفر آباد میں مثبت کورونا کیسز کی یومیہ شرح 13.79 فیصد، کراچی میں 11.50، فیصد، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 5.40 فیصد، پشاور میں 5.19 فیصد، ملتان میں 4.35 فیصد، نوشہرہ میں 4.21 فیصد، کوئٹہ میں 4.1 فیصد، راولپنڈی میں 2.48 فیصد، حیدر آباد میں 1.84 فیصد، میرپور آزاد کشمیر میں، 1.49 اور لاہور میں 1.09 فیصد ہے۔
دس اضلاع میں مثبت کورونا کیسز کی یومیہ شرح 1 فیصد سے کم ہے۔ ایبٹ آباد، چارسدہ، مردان، سوات، صوابی، بہاولپور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات اور جہلم میں مثبت کورونا کیسز کی شرح 1 فیصد سے کم ہے۔