لندن: (دنیا نیوز) برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کورونا وائرس سے متعلق پابندیاں اٹھانے کا اعلان کر دیا ہے، 19 جولائی سے عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی نہیں ہو گا۔
لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا کہ لوگوں کو کوویڈ کے ساتھ جینا سیکھنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے اب خود ہی فیصلےکرنا ہوں گے۔ 29 جولائی تک ملک کی تمام بالغ آبادی کو پہلی ڈوز، دو تہائی کو دوسری ڈوز بھی لگادی جائے گی۔
واضح رہے کہ برطانیہ دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ ساتواں ملک ہے، وائرس پھیلنے سے اب تک ایک لاکھ 28 ہزار 231 افراد موت کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد 4 لاکھ 64 ہزار 482 ہے۔ وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 49 لاکھ 30 ہزار 534 تک پہنچ چکی ہے۔