اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ بلاول دل کا جانی ہے، بلو رانی کیخلاف کوئی بات نہیں سن سکتا، سیاسی سرگرمیاں ہونا اچھی بات ہے، کوئی دھمکی نہیں ہو رہی۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف آزاد کشمیر میں حکومت بنائے گی، عمران خان آزاد کشمیر میں انتخابی مہم پر جا رہے ہیں، وزیراعظم کے ہمراہ آزاد کشمیر جاؤں گا، ہم آزاد کشمیر میں بلے کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں، اگلے الیکشن میں بھی قوم عمران خان کو ووٹ دے گی، ہمیں پرفارمنس بہتر کرنا ہوگی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ افغانستان میں کورونا صورتحال سنگین ہے، چمن بارڈر کو پہلی تاریخ سے الیکٹرانک کر دیں گے، طورخم بارڈر پر پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے جلد لائحہ عمل طے کرینگے، تمام غیر ملکیوں کو رجسٹر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 40 سے 50 ہزار لوگ 70 سال پہلے پاکستان میں داخل ہوئے جن کا کوئی پتہ نہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ 5 اگست کے قوانین واپس لینے تک بھارت سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی، برہان وانی کی شہادت پر کشمیر میں آج جو کچھ ہوا اس کی مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں منشیات کا بڑا زور ہے، منشیات کیخلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرنے جا رہے ہیں، پاکستان سے بیرون ملک منشیات نہیں جا رہی بلکہ باہر سے منشیات پاکستان آ رہی ہے۔